
اسلام آباد-چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر جامع نیشنل یوتھ پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے، پالیسی کی تشکیل کیلئے مشاورتی عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یوتھ اینڈ ایڈولسینٹ پالیسی پر اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پالیسی سازی کی جا رہی ہے،یوتھ پالیسی پر مشاورت کے لیے ملک بھر کے دورے کیے جائیں گے اور دور اُفتادہ علاقوں میں مقیم نوجوانوں کو بھی مشاورتی عمل میں شریک کیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی کے لیے ٹاسک فورس اگلے ڈیڑھ ماہ میں کام کرے گی،یوتھ پالیسی میں ہر طبقے کے نوجوان مرد و خواتین کی ضروریات کو مد نظر رکھا جائے گا،قومی اسمبلی میں نوجوان پارلیمنٹرینز بھی پالیسی سازی کا حصہ ہوں گے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر ،رکن قومی اسمبلی فرخ ناز اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی
DATE . Apr/8/2025