
نیویارک:امریکی شہرنیو یارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تنظیم پاکولی نے فورتھ پلر کے تعاون سے وفاق ایوان ہائے تجارت پاکستان کے وفد کے اعزاز میں بزنس نیٹ ورکنگ تقریب کا اہتمام کیا۔ایونٹ کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو امریکی مارکیٹ میں متعارف کرانا، ٹرمپ ٹیرف وار کے ممکنہ اثرات پر گفتگو اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کو کاروبار اور برانڈ سازی کی طرف لانا تھا۔
پاکولی کے صدر توقیر الحق نے کہا کہ تنظیم کمیونٹی میں بزنس کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی پاکستانی مصنوعات کی خصوصی نمائش بھی منعقد کی جائے گی۔فورتھ پلر کے صدر فاروق مرزا نے بتایا کہ امریکی چیمبرز کے تعاون سے پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کے نتیجے میں نووا منرل اور چنار گروپ کے درمیان ایک سو ملین ڈالر کی ڈیل ممکن ہوئی۔
ایف پی سی سی آئی وفد کے سربراہ ہمایوں راشد نے کہا کہ اگر پاکستانی امریکن کمیونٹی پاکستان کے ساتھ کاروبار بڑھائے تو ایف پی سی سی آئی ہر سطح پر رہنمائی کرے گا۔
تقریب میں امریکہ کے تین ایوان ہائے صنعت اور تجارت کے نمائندوں، امریکی بزنس تنظیموں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر کاروباری تعاون اور کمیونٹی سروس کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کرنے والے ارکان کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
DATE . Nov/26/2025


