
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت لاہور میں ورلڈ بینک کے نمائندگان کے ساتھ اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت، درپیش مسائل اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ورلڈ بینک نے حکومتِ پنجاب کے ساتھ مل کر آئندہ 10 سالہ ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس کے دوران گزشتہ تین ماہ کی کنٹری اسٹریٹجی، تعلیم، صحت، فیملی پلاننگ، پنجاب ٹورازم کی ترقی اور دیگر سماجی بہتری کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شرکائے اجلاس نے فنڈز کے شفاف استعمال، منصوبوں میں اوورلیپنگ سے بچاؤ، تمام دیہات میں پانی کی فراہمی اور اس کے پائیدار نظام کے قیام پر مکمل اتفاق کیا۔
ورلڈ بینک کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی مؤثر گورننس، منصوبوں پر تیزرفتار عمل درآمد اور اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے ان کی قیادت کو قابل تقلید قرار دیا۔
DATE . June/20/2025


