
لاہور: ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی۔ اجلاس کے دوران ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے پنجاب میں بینک کی مالی معاونت سے جاری منصوبوں میں کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی عزم کو سراہا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں مثالی ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ قوانین اور ضابطوں میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، جبکہ صحت، تعلیم اور سماجی شعبے کے تمام منصوبوں میں فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران پنجاب میں صحت کے نظام کی مجموعی اصلاحات، معیاری علاج کی سہولیات اور جدید مشینری کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر ملکی مالی معاونت سے جاری تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں اور عالمی معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ آلودگی میں کمی کے جامع منصوبوں پر عمل درآمد سے لاہور کی فضا میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
اجلاس میں اسکول مینجمنٹ، معیاری تعلیم کی فراہمی کے فریم ورک، ای ماس ٹرانزٹ سسٹم اور ای بس پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
DATE . Dec/15/2025


