
اسلام آباد:وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں سرکاری اداروں میں سائبر سکیورٹی آگاہی اور ڈیجیٹل صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے ملک گیر مہم شروع کر دی ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق یہ اقدام وزیر اعظم کی ہدایات پر اٹھایا گیا ہے جس میں تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور منسلک محکموں کو سائبر سکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے اور نامزد فوکل پوائنٹس مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری امور میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر ہیکنگ اور ڈیٹا لیک ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ادارہ جاتی تیاری اور ڈیجیٹل تحفظ کو مزید مستحکم بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
اسی سلسلے میں وزارت نے سسکو نیٹ ورکنگ اکیڈمی کے تعاون سے وزارت، اس کے ذیلی محکموں اور تعلیمی اداروں کے لئے سائبر سکیورٹی، جدید مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق بین الاقوامی معیار کے خود رفتار آن لائن کورسز متعارف کرائے ہیں۔ ہر کورس کا دورانیہ تقریباً چھ گھنٹے ہے اور اس کا مقصد سرکاری ملازمین اور طلبہ میں محفوظ ڈیجیٹل طرزِ عمل کو فروغ دینا ہے۔
وزارت نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ہیومن ریسورس اہلکاروں بالخصوص وہ افسران اور ملازمین جو اینڈرائیڈ یا آئی او ایس موبائل آلات اور سرکاری ڈیجیٹل نظام استعمال کرتے ہیں، کا اندراج یقینی بنائیں۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ کورسز کی تکمیل اور سرٹیفکیٹس کا ریکارڈ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
تعلیمی اداروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جماعت نہم کے بعد کے طلبہ کو مقررہ تاریخ تک اندراج اور اکاؤنٹس فعال کرنے کی ہدایت کریں تاکہ وہ گرمیوں کی تعطیلات یا سالانہ امتحانات کے بعد کورس مکمل کر سکیں۔مراسلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایات اور ڈیجیٹل شعبے میں بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے پیش نظر اس معاملے کو اولین ترجیح دی جائے اور مقررہ اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
DATE . Feb/21/2026


