وزارت مذہبی امور مواؤنینِ حجاج کا میرٹ پر انتخاب یقینی بناتی ہے: ڈاکٹر طارق فضل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیر کے روز قومی اسمبلی کے سوال و جواب کے سیشن کے دوران کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مواؤنینِ حجاج کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج خدمات کی انجام دہی کے لیے عملے کی تقرری کے لیے وزارت ایک شفاف اور سخت طریقہ کار اپناتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک سلیکشن کمیٹی قائم کی جاتی ہے جس کی سربراہی گریڈ 20 یا اس سے اوپر کے سینئر افسر کرتے ہیں۔ امیدواروں کا انتخاب میرٹ پر مبنی واضح اصولوں کے تحت کیا جاتا ہے تاکہ قابلیت اور انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ مواؤنینِ حجاج کو مکہ، مدینہ، جدہ اور سعودی عرب کے ہوائی اڈوں سمیت اہم مقامات پر تعینات کیا جاتا ہے، جہاں وہ پاکستانی عازمین حج کو سہولیات فراہم کرتے ہیں اور حج خدمات کی روانی کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شفافیت کو مزید بہتر بنانے اور ماضی کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے وزارت نے مواؤنینِ حجاج کے انتخاب کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS) سے شراکت داری کی ہے۔

وزیر نے کہا کہ این ٹی ایس اور اس جیسی دیگر ادارے جیسے اے ٹی ایس (ATS) بااعتماد اور مستند ادارے ہیں جو حکومتی اداروں کے لیے باقاعدگی سے بھرتی کے امتحانات کا انعقاد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں مواؤنینِ حجاج کے انتخاب کے عمل پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے وزارت نے اس بار این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کا فیصلہ کیا تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ یہ اقدام صرف موجودہ حکومت کا نہیں بلکہ وزارت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد حج انتظامات میں شفافیت، ساکھ اور عوامی اعتماد کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مواؤنینِ حجاج کی تعداد ہر سال پاکستان کو دیے گئے حج کوٹے کے مطابق مقرر کی جاتی ہے۔ “اس سال بھی مواؤنین کی تعداد حج کوٹے کے تناسب سے مقرر کی گئی ہے،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں حج آپریشن کے لیے تین بنیادی اقسام کے عملہ بھیجا جاتا ہے۔ مواؤنینِ حجاج وزارت کے مستقل ملازم نہیں ہوتے بلکہ مختلف سرکاری اداروں سے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے ذریعے نامزد کیے جاتے ہیں اور حجاج کو لاجسٹک اور انتظامی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

سیزنل ڈیوٹی اسٹاف وزارت مذہبی امور کے مستقل ملازمین ہوتے ہیں جنہیں حج انتظامات میں وسیع تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ وہ حج انتظامات کی نگرانی کرتے ہیں اور کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ تعینات کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل مشن میں پاکستان آرمی اور دیگر سرکاری اداروں کے ڈاکٹرز شامل ہوتے ہیں، جو مکہ، مدینہ، جدہ اور ایئرپورٹس پر عازمین کو طبی سہولیات اور ایمرجنسی سروسز فراہم کرتے ہیں

DATE . Apr/15/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top