
اسلام آباد:پاکستان اور ملائیشیا کی قیادت نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئےاس بات پر اتفاق کیا ہے کہ امن کی بحالی اور معاملات کو معمول پر لانا انتہائی ضروری ہے ۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے حملوں اور برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کے بعد خطےمیں جاری کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیراعظم نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امن کی بحالی اور معاملات کو معمول پر لانا تمام فریقین کی جانب سے زیادہ سے زیادہ تحمل سے ہی ممکن ہے۔ دونوں رہنماوں نے اس سلسلے میں مل کر کام کرنے اور اپنے مؤقف کو مستقل بنیادوں پر مربوط کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب کو افغانستان کے تناظر میں حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے اورپاکستان کو محفوظ بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔ دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
DATE . Mar/6/2026


