وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات آذر بائیجان کے سفیر کی ملاقات

News Image

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر عزت مآب خضر فرہادوف نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت پر صدر الہام علییوف کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کے برادر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کا عکاس ہے۔ ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘ کے کامیابی پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اس تاریخی فتح پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اسی جذبے کے تحت بھارت کے ساتھ جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ تاہم، پاکستان مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

پاکستان آذربائیجان تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کے مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر علییوف کا گزشتہ جولائی میں پاکستان کا تاریخی دورہ، معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ فروری 2025 میں اپنے دورہء باکو کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔

جناب فرہادوف نے وزیر اعظم اور پوری پاکستانی قوم کو تہہ دل سے مبارکباد دی۔ انہوں نے جنوبی ایشیاء میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر علییوف دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت پر عمل درآمد میں پیش رفت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے وزیراعظم کو دونوں دوست ممالک کے درمیان مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اپنے مکمل عزم کا یقین دلایا۔

DATE . May/15/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top