
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان آج ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں جنوبی ایشیاء کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ایک ہفتے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوسرا ٹیلیفونک رابطہ ہے۔
وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کی جانب سے خطے میں حالیہ پیشرفت پر دلچسپی اور رابطے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور تصادم سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے آزاد، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی اپنی پیشکش کا اعادہ کیا اور بھارت کی جانب سے تاحال کوئی ثبوت فراہم نہ کرنے اور اشتعال انگیز بیانات کے سلسلے پر شدید تشویش ظاہر کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو دہرایا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچانے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری اپنی کوششوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقین سے رابطے میں رہیں گے۔
DATE . May/6/2025