وزیراعظم مصرمیں ڈی ایٹ سمٹ میں شرکت کریں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف اس ماہ کی اٹھارہ سے بیس تاریخ تک مصر کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ قاہرہ میں ہونے والے آٹھ ترقی پذیر ملکوں کے گروپ ڈی ایٹ کے گیارہویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق سربراہی اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار بدھ کو ڈی ایٹ کی وزراء کونسل کے اکیسویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

گیارہویں ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کا موضوع ہے نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو تعاون فراہم کرنا تاکہ مستقبل کی معیشت کو سنوارا جاسکے۔

وزیراعظم ڈی ایٹ کے نظریات کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے باہمی مفاد اور خوشحالی کے لئے اشتراک عمل مضبوط بنانے،زراعت، تحفظ خوراک اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مالیاتی ترقی کے لئے پاکستان کی طرف سے دی گئی مراعات کو بھی اجاگر کریں گے۔

محمد شہباز شریف غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیرنو کے مسائل کے بار ے میں خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

وہ فلسطین کی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے اصولی موقف پر روشنی ڈالیں گے اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی اپیل کریں گے۔

توقع ہے کہ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اجلاس میں شریک رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

DATE. DEC/17/2024

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top