وزیراعظم نے ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیا، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے امریکی صدر کو امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ، دلیرانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا اور کہا کہ امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا میں ایک بڑی تباہی کو ٹالنے میں مدد فراہم کی اور وزیراعظم نے مسلم رہنماؤں کو اعتماد میں لینے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے انسدادِ دہشت گردی میں امریکی تعاون بڑھانے پر زور دیا اور صدر ٹرمپ کی پاکستان کے کردار کی کھلی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

DATE . Sep/26/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top