وزیراعظم کا آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ

News Image

واشنگٹن:وزیراعظم نے آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں فوری بند ہونی چاہئیں۔سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اہل فلسطین کو ان کا حق دینا ہوگا۔

واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے آج کا دن تاریخ کا سنہری باب ہے ۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ فلسطین کو اُن کی سرزمین کا حق ملنا چاہیے ۔

وزیراعظم نے عالمی سطح پر تنازعات کے حل اور امن کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی سے جنوبی ایشیا بڑی تباہی سے بچ گیا ۔

اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی طرف سے بورڈ آف پیس کے لیے 10ارب ڈالر دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن کے قیام کے اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں امن اور تعمیر نو خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ،ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان ، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبدا للہ بن زید النہیان اور دوسرے عالمی رہنماؤں غزہ کی بحالی اور تعمیر نو میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے لیے صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی ۔

تقریب میں وزیراعظم اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مصافحہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور دوسرے عالمی رہنماؤں کی بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔

DATE . Feb/21/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top