
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان نے پشاور اور شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ الخوارج کے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ “سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کے باعث ہم ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کر کے دم لیں گے۔”
وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشتگرد عناصر نے معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی، جس کی انہیں بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، اور ملک دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے قوم کو یقین دلایا کہ”ہر شہری کی جان، مال اور عزت کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔”
بیان کے آخر میں وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرأت، قربانی اور حب الوطنی ہی پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
DATE . June/17/2025