وزیراعظم کا عیدالفطر کے موقع پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلیفونک رابطہ

News Image

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر ہاشمی مملکت اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم، شاہی خاندان اور اردن کے برادر عوام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی۔

فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے بھی ان جذبات کا پرتپاک جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے امتِ مسلمہ میں امن، اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران اردن پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل گھڑی میں اردن کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسائل کے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے گزشتہ نومبر میں شاہ عبداللہ دوم کے دورۂ پاکستان کو خوشگوار انداز میں یاد کیا اور پاکستان اور اردن کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

DATE . Mar/20/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top