اسلام آباد: وزیراعظم نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی بھرپور ستائش کی ہے۔ وزیراعظم نے آپریشن کے دوران چار خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں شہادت پانے والے پاک فوج کے سپاہی باسط صدیقی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم سپاہی باسط صدیقی کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں۔
Date . Apr/18/2025