
اسلام آباد-وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے اوردہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی بہادری اور کامیاب حکمتِ عملی کی تعریف کی۔
وزیرِاعظم نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسنین اختر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں کی قربانیاں ملکی دفاع کی ضمانت ہیں اور پوری قوم شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پاکستانی قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
DATE . Mar/21/2025