
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کل سے سات اکتوبر تک ملائیشیاکے ہم منصب انور ابراہیم کی دعوت پر ملائیشیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ملائیشیاکے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں تجارت، توانائی، آئی، ٹیلی کام اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 5 سے 7 اکتوبر 2025 تک ملائیشیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔
یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط اور دیرپا اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے، جو باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم اپنے ملائیشیائی ہم منصب سے دو طرفہ مذاکرات کریں گے اور علاقائی و عالمی اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں رہنما تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے تجارت، آئی ٹی و ٹیلی کام، حلال صنعت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی رابطوں پر بات چیت کریں گے جبکہ دونوں رہنما متعدد شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کامشاہد ہ بھی کریں گے
یہ دورہ پاکستان کی ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے اور امن، استحکام، تجارت و سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں دونوں ملکوں کی مشترکہ دلچسپی کو دوبارہ اجاگر کرتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس دورے کے دوران دو طرفہ دوستانہ تعلقات اور تعاون کی مضبوط بنیادوں پر مبنی فائدہ مند مذاکرات کی امید ہے۔
DATE . Oct/5/2025