
تہران:وزیراعظم نے تہران میں ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سید علی خامنہ ای کی شخصیت مسلم دنیا اور امت کو رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
ملاقات کے دوران، وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ اور اس کے جارحانہ عزائم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مکمل حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہمیشہ اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ امن سے ہی خطے کی ترقی و خوشحالی ممکن ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اس پیچیدہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات کے حوالے سے ایرانی قیادت کی دوراندیشی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک تعمیری معاہدہ طے پائے گا جو خطے میں امن اور استحکام کا باعث بنے گا۔
ایران کے سپریم لیڈر نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے وزیراعظم کی ذاتی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر کی شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری سے لگاؤ کو سراہا۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
DATE . May/27/2025


