
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بوسنیا کے ایوان صدر کے رکن کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے ۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم نے بوسنیا ہرزیگووینا کے رکن ایوان صدر ڈاکٹر ڈینس بیسرویک ( Dr. Denis Bećirović ) سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے انہیں اور بوسنیا ہرزیگووینا کے عوام کو دلی عید کی مبارکباد دی اور ان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
بوسنیا کے رہنما نے بھی عید کی مبارکباد دی اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران، وزیراعظم پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بوسنیا ہرزیگوینا کے ساتھ اپنے گہرے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت، ثقافت اور عوام کے درمیان تبادلے کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران پاکستان کی حمایت پر بوسنیا کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر بیسرویک( Dr. Bećirović) کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر ڈینس بیسرویک نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کو بھی بوسنیا ہرزیگووینا کے دورے کی دعوت دی۔
DATE . JUN/10/2025