وزیراعظم کی ترک صدر سے ملاقات،دونوں رہنماؤں کااسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ

News Image

استنبول:وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم جو ترکی کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچے ہیں، نے آج ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ایک پُر جوش اور نہایت خوشگوار ملاقات کی۔

ملاقات نے پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق کی جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی تھے، نے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کا دلی شکریہ ادا کیا، اور اس جذبۂ برادری کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے ترکی کے اصولی مؤقف اور پاکستانی عوام کے لیے ترک عوام کی نیک خواہشات اور حمایت کو پاکستان کے لیے باعثِ اطمینان اور قوت قرار دیا۔

وزیراعظم نے افواجِ پاکستان کے عزم، ہمت اور قربانی کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قوم کی غیر معمولی حب الوطنی کو اجاگر کیا، جو معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ملک کے دفاع کے لیے پاکستان کی شاندار فتح کا باعث بنی۔

وزیراعظم نے اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مشترکہ منصوبوں اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور زراعت جیسے شعبہ جات کو باہمی دلچسپی اور امکانات کے حامل شعبے قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے 13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے ساتویں اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں پر عملدرآمد کے سلسلے کا جائزہ لیا۔

دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پانچ ارب امریکی ڈالر سالانہ دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے، جیسا کہ دونوں رہنماؤں نے پہلے طے کیا تھا۔

دوطرفہ امور کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان نے علاقائی اور بین الاقوامی اہم معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا، جن میں جموں و کشمیر کا تنازع بھی شامل ہے۔

انہوں نے غزہ میں سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرہ فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ کیا۔

ملاقات کا اختتام پاکستان اور ترکی کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزمِ نو کے ساتھ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، پائیدار ترقی، اور اپنی اقوام کی مشترکہ خوشحالی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی، اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جُنید بھی پاکستانی وفد میں شامل تھے۔

ترک صدر اردوان نے وزیراعظم اور اُن کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

DATE . May/26/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top