
اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو ایف بی آر کے انسدادِ سمگلنگ اقدامات کی پیش رفت اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے انسدادِ سمگلنگ کی کامیاب کارروائیوں پر ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر سال قوم کا اربوں روپے کا قیمتی سرمایہ سمگلنگ کی نذر ہوتا ہے، تاہم پاکستان کسٹمز کی مؤثر اور کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آنا قابلِ ستائش ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے باعث متعدد اشیاء اب قانونی طور پر درآمد ہو کر معیشت کا باضابطہ حصہ بن رہی ہیں جس سے قومی محصولات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹیکس چوری اور سمگلنگ کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف قانونی کارروائیوں میں ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پورے ملک میں کسٹمز کا مربوط نظام نافذ ہے۔ راہگزر ایپ کے ذریعے ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے اور غیر قانونی پمپس کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کو نئے پیٹرولیم ایکٹ کے تحت غیر قانونی مشینری ضبط کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی دورانِ نقل و حمل جی پی ایس ٹریکنگ کے لیے نظام نافذ العمل ہو چکا ہے۔
بریفنگ کے مطابق جولائی سے نومبر 2025 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کی روک تھام کے نتیجے میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں محصولات میں 82 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ پانچ ماہ میں سگریٹ، ٹائرز، کپڑے، الیکٹرانکس اور متعدد دیگر مصنوعات کی غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کے باعث بھی قومی محصولات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چئیرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
DATE . Dec/20/2025


