
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ میں انسدادِ پولیو مہم کی ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے میں ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مایوس نہ ہوں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی
DATE . Apr/24/2025