وزیراعظم ہاؤس میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کا وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے پرتپاک خیر مقدم ،خوشگوار جملوں کا تبادلہ ، گارڈ آف آنر پیش، وفود کا تعارف

News Image

اسلام آباد:اردن کے شاہ عبداللہ دوم کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پرجوش مصافحہ کیا۔وزیراعظم اور شاہ عبداللہ دوم کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ثقافتی لباس میں معزز مہمان کے استقبال کے لیےموجود بچے اردن کے شاہ کی پاکستان آمد پر اظہار مسرت کے ساتھ دونوں ملکوں کے قریبی برادرانہ تعلقات کے عکاس تھے ۔

اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔استقبالیہ تقریب کے آغاز میں پاکستان اور اردن کے قومی ترانے بجائے گئے ۔

مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا ۔شاہ عبداللہ دوم نے گارڈ آف آنر کامعائنہ کیا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معزز مہمان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی وزیراعظم پاکستان سے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔

معزز مہمان نے اپنے دورے کی یادگار کے طور پر وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کاسب سے اعلی سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

DATE . Nov/16/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top