وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملک کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کا آغاز کردیا

News Image

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملک کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ نے پنجاب ای ٹیکسیوں کی تقسیم کا افتتاح کیا اور سکیم کے تحت فراہم کی جانے والی گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا۔


وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ای وہیکل کی خصوصیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی اور سکیم کے پہلے مرحلے میں منتخب ہونے والے پانچ خوش نصیب مرد و خواتین میں ای ٹیکسیوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے نائلہ فرحان، کرن خورشید، قراۃ العین، عابد علی اور عظمت محمود کو خود چابیاں دیں جبکہ دیگر مستحق افراد کو بھی اسٹیج پر بلا کر مبارکباد دی۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے ای ٹیکسی حاصل کرنے والے مرد و خواتین کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور خصوصی طور پر خواتین ڈرائیورز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر اسماء محمود نامی بچی نے وزیراعلیٰ کو اپنی بنائی ہوئی تصویر پیش کی اور آٹوگراف بھی لیا۔ خواتین ڈرائیورز نے ای ٹیکسی سکیم کے اجرا پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1100 ای وہیکل فراہم کی جائیں گی۔ حکومت پنجاب ای ٹیکسی کی ڈاؤن پیمنٹ کا 50 فیصد اور مارک اپ خود ادا کرے گی۔ مرد ڈرائیوروں کے لیے 50 فیصد جبکہ خواتین ڈرائیوروں کے لیے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ای ٹیکسیوں میں کیمرے، وائی فائی اور چارجنگ پورٹس کی سہولت موجود ہوگی۔ سکیم میں خواتین کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ لیڈیز ڈرائیورز کی گاڑیوں کا رنگ بھی الگ ہوگا۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن، فٹنس ٹیسٹ اور ٹوکن ٹیکس فیس بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی اور ادائیگیاں پانچ سالہ آسان اقساط میں کی جائیں گی۔

ڈرائیورز اور مسافروں کی حفاظت کے لیے ہر ای ٹیکسی میں پنک بٹن نصب ہوگا جو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک ہوگا۔ ای ٹیکسی سکیم کی گاڑیاں inDrive اور Yango کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گی جبکہ مختلف مقامات پر فاسٹ چارجرز بھی نصب کیے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے ای ٹیکسی سکیم میں ڈیجیٹل پیمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ جدید اور ماحول دوست سفری نظام کو فروغ دیا جا سکے۔

DATE . Feb/27/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top