وزیراعلیٰ پنجاب سے فن لینڈ کے سفیر کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

News Image

لاہور – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فن لینڈ کے سفیر ہانو ریپاتی (Hannu Ripatti) نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، تعلیمی اشتراک، تجارت، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں فن لینڈ کی قابل تقلید ترقی کو سراہا اور ان شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اسلام آباد میں فن لینڈ کے سفارتخانے کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات جمہوریت، پائیدار ترقی اور اختراع جیسے مشترکہ اصولوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ جیسے شعبوں میں فن لینڈ کی مہارت پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے فن لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا جو دونوں ممالک کی ترقی اور باہمی تعلقات کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان-فن لینڈ انٹرنیشنل کے مابین ووکیشنل ٹریننگ پر اشتراک کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام ہمارے مشترکہ اقدار کا حصہ ہیں۔

مریم نواز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فن لینڈ کے لیے پنجاب میں قابل تجدید توانائی، زرعی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل خدمات اور تعلیم جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔

DATE . MAY. 9.2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top