لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان نیوی وار کالج کے 55 ویں سٹاف کورس کے شرکاء نے ملاقات کی۔وفد میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران اور 15 دوست ممالک کی مسلح افواج کے افسران بھی شریک تھے۔ پاکستان نیوی وار کالج کے وفد کی قیادت ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان نیوی وار کالج کے وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا اور فلسطینیوں کیلئے حمایت کے اعلان کا اعادہ کرتے ہوئے وفد میں فلسطینی افسروں کی شمولیت کو سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سیلاب میں معاونت پر پاکستان نیوی کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ بروقت حفاظتی اقدامات سے سیلاب کے دوران نہ صرف انسان بلکہ بڑی تعداد میں مویشیوں کی بھی جانیں بچائی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کے شرکاء کے سوا لات کے خوش دلی سے جوابات بھی دئیے۔وفد میں شریک ایک ساؤتھ افریقن آفیسر نے وزیراعلی سے سوال کیا کہ ان کی دو بیٹیاں ہیں،بطور وزیراعلیٰ آپ کی کامیابیاں متاثر کن ہیں، مجھے اپنی بیٹیوں کے بارے میں کیا کرنا چاہیے جس پر وزیراعلی نے کہا کہ بیٹیوں کو مواقع دیں ،انہیں اعتماد اور حوصلہ دیں تاکہ وہ آگے بڑھیں ترقی کریں۔کمانڈانٹ پاکستان نیوی وارکالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے حکومت پنجاب کی غیر معمولی کامیابیوں کو سراہا۔ وفد میں سعودی عرب کے 12 نیول آفیسر، بحرین، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عراق، اردن، ملائیشیا، نائیجیریا، عمان، فلسطین، ساؤتھ افریقہ، ترکی، یواے ای اور یمن کے افسران شامل تھے۔
Date . Sep/28/2025