
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ برین ٹیومر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برین ٹیومر ایک خاموش مگر تباہ کن بیماری ہے، جو نہ صرف جسمانی تکلیف کا باعث بنتی ہے بلکہ مریض اور معالج دونوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بھی ہوتی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ برین ٹیومر صرف مریض ہی نہیں بلکہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی ایک انتہائی کٹھن آزمائش بن جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برین ٹیومر کی بروقت تشخیص اور موثر علاج ہی محفوظ زندگی کی ضمانت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے عوام میں خاموش بیماریوں کے خلاف شعور اور آگاہی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی عوامی بیداری اصل طاقت ہے جو بیماریوں سے لڑنے میں مدد دیتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے نواز شریف کینسر ہسپتال کو کینسر اور ٹیومرز کے مریضوں کے لیے امید کا مرکز قرار دیا اور کہا کہ اس ہسپتال کی کوششیں مریضوں کے لیے بڑی راحت کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے برین ٹیومر کے علاج میں خدمات انجام دینے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی محنت کو سراہا۔
DATE . JUN/8/2025