لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایسٹر کے پُرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مسیحی بہن بھائیوں کو ایسٹر کی خوشیوں پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار خوشی اور امید کا استعارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر سمیت تمام مذاہب کے تہوار دراصل محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک پرامن، مساوات پر مبنی اور ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کے لیے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں مواقع اور احترام دینا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلتی رہے گی اور ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
Date . Apr/20/2025



