
لاہور:وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیولنک اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، صاف پانی اورمثالی گاؤں پراجیکٹ پرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے منصوبوں کا پکٹوریل وزٹ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 100سال تک کارآمد سیوریج پائپ لائن کی فیکٹر ی لاہور میں انسٹال کر دی گئی ہے جس میں جلد پیداوار شروع ہوگی، مختلف شہروں میں 14679مقامات پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور 3498کلومیٹرطویل سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سرگودھا،ڈی جی خان،گجرات،اوکاڑہ،جھنگ،ملتان اورسیالکوٹ میں پی ڈی پی پراجیکٹ شروع ہیں، جہلم،حافظ آباد،ساہیوال،فیصل آباد،گوجرانوالہ،شیخوپورہ،ننکانہ اورراولپنڈی میں بھی منصوبے شروع کیے جارہے ہیں ، مختلف شہروں کی گلیوں اورراستوں پر 33ملین مربع فٹ ٹف ٹائل بچھائی جائیں گی، پنجاب کے مختلف شہروں میں نکاسی آب اوردیگر امور کیلئے 526جدید ترین مشینیں اورٹریکٹر فراہم کیے جا ئیں گے۔ پنجاب رورل سینی ٹیشن ایمپورمنٹ پروگرام کے تحت ڈرینج سسٹم بنائے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 200دیہات میں مثالی گاؤں پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے ، مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت 485دیہات میں 59ارب روپے کی ترقیاتی سکیمیں بنائی جائیں گی،گندے پانی کے تالاب،جوہڑوں کی صفائی اورویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگیں گے، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے پانی آبپاشی کیلئے کھیتوں میں مہیا کیا جائے گا۔
اجلاس میں مختلف شہروں میں صاف پانی کی بوتلیں فراہم کرنے کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پوٹھوہار میں سمال ڈیمز کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت یقینی بنانے ، دیہات میں ترجیحاً پختہ گلیاں بنانے اور گجرات اورسیالکوٹ میں ڈرینج پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ستر، اسی سال میں وہ کام نہیں ہوئے،جو پنجاب میں آج کیے جارہے ہیں، پانچ سال کے بعد بدلا ہوا جدید اورخوبصورت پنجاب نظر آئے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مون سون سے پہلے نکاسی آب کے پراجیکٹ مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے زیرِ زمین گرتی ہوئی پانی کی سطح کو بچانے کا بڑا پلان متعارف کرا دیا۔
پانی کی کمی،بر وقت نکاسی، سیورج اور زیرِ زمین پانی کی سطح بچانے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 358 انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کا جال بچھائے اور ری چارج کنویں بھی بنائے جائیں گے، شہروں میں 34بڑے انڈرگراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینکس بھی بنائے جائیں گے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں 6 ہزار ایک سو کلو میٹر سٹریٹ اورسیوریج بنایا جائے گا، مختلف شہروں میں نکاسی آب کی بہتری کیلئے 61ڈسپوزل سٹیشن کی بحالی اور56نئے ڈسپوزل سٹیشن بنائے جائیں گے، صوبے میں 328ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنائے جائیں گے ۔
