
اسلام آباد:وزیرِ اعظم اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور کرکٹ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ سری لنکن صدر نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا میں منعقد ہونے والا پاک بھارت میچ کھیلنے پر غور کرے۔
سری لنکن صدر نے کہا کہ دہشتگردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کی اور اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی۔ انہوں نے اس بات کو بھی سراہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دہشتگردی کے باوجود سری لنکا کے دورے جاری رکھے اور کرکٹ کے میدان میں دوستی اور اعتماد کی مثال قائم کی۔
وزیرِ اعظم نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی مشکل ادوار میں سری لنکا کی جانب سے دی گئی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں حالات سازگار نہیں تھے تب بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنا جاری رکھا، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ حالیہ دورے کے موقع پر سری لنکن ٹیم کا پاکستان آنا اور دورہ منسوخ نہ کرنا پاکستانی قوم اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک ناقابلِ فراموش اقدام ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو یقین دلایا کہ T20 ورلڈ کپ کے پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے انہیں آگاہ کیا جائے گا۔
DATE . Feb/10/2026


