
ویانا: وزیرِ اعظم آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر اپنے دو روزہ دورے پر ویانا پہنچ گئے۔
ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ آسٹرین مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم بھی وفد میں شامل ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم آسٹرین چانسلر کرسچیئن اسٹاکر سے دو طرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔ وزیرِ اعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے معروف کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت اور خطاب کریں گے جبکہ ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ “پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” کے موضوع پر خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعظم انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔
DATE . Feb/16/2026


