
نیویارک: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی /وزیرِ مملکت سید طارق فاطمی نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل، جناب انتونیو گوتیرش سے ملاقات کی۔
معاونِ خصوصی نے سیکریٹری جنرل کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی غیر مستقل رکنیت کے دوران اس کی ترجیحات سے آگاہ کیا اور عالمی مسائل، بشمول امن و سلامتی، ترقی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور امن مشنز میں پاکستان کے دیرینہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔
معاونِ خصوصی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیکٹ فار دی فیوچر کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا تاکہ ترقی پذیر ممالک کی مالی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) اور ماحولیاتی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
معاونِ خصوصی نے سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی تسلط اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔
معاونِ خصوصی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو بے بس فلسطینی عوام کے خلاف ظلم و جبر اور دہشت گردی کی مہم ختم کرنے کے لیے پابند کرے اور فلسطینیوں کو ان کے وطن سے بے دخل کرنے کی کسی بھی تجویز کی بھرپور مخالفت کرے۔ انہوں نے افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کو بھی اجاگر کیا اور اس حوالے سے دہشت گردی کے خلاف اقوامِ متحدہ کی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔
سیکریٹری جنرل گوتیرش نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی فعال شراکت اور عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اس کے کردار، خصوصاً امن مشنز میں اس کی خدمات کو سراہا-
DATE . Mar/30/2025