لاہور-وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی فلمی صنعت کی بحالی کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے فلموں کی تیاری کے لیے مالی امداد کی فراہمی کے لیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اس اہم کمیٹی کی کنوینر ہوں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں فلم سازی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پنجاب کے پہلے جدید فلم سٹی، بین الاقوامی معیار کے فلم سٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب اور پاکستان کے پہلے باقاعدہ فلم سکول کے قیام کی بھی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی، فلم سٹوڈیو اور پوسٹ پروڈکشن لیب کے لیے مناسب جگہ مختص کر دی گئی ہے۔پنجاب کابینہ کی باضابطہ منظوری کے بعد “پنجاب فلم فنڈ ڈسبرسمنٹ کمیٹی” کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی رواں مالی سال کے دوران پنجاب کی فلم انڈسٹری کے فروغ اور اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے فلم سازوں کو گرانٹ جاری کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔اس اہم کمیٹی کے دیگر ممبران میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، اور وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، سیکرٹری منصوبہ بندی آصف طفیل، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور سیکرٹری سیاحت فرید احمد تارڑ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا یہ اقدام پنجاب کی فلم انڈسٹری کے لیے ایک نئی امید کی کرن ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف معیاری فلمیں تیار ہوں گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے-
Date . Apr/20/2025