
اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد میں “زیرو ویسٹ آپریشن” کی کامیابی پر سی ڈی اے ورکرز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے صفائی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار سی ڈی اے کی کارکردگی کا برملا اعتراف ہے۔
اسلام آباد میں سی ڈی اے کے سینیٹری ورکرز کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے زیرو ویسٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ملازمین کے لیے ایک بنیادی تنخواہ اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ورکرز کو 15 ہزار روپے فی کس بطور انعام دینے کا اعلان کیا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ عید کے تین روز میں اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں سے 2400 ٹن آلائشیں اور ویسٹ اٹھایا گیا۔ اس آپریشن کی نگرانی ڈرون کیمروں سے بھی کی گئی، جس میں 2500 ورکرز اور 250 گاڑیوں نے حصہ لیا۔
وزیر داخلہ نے عہد کیا کہ ہم سب نے مل کر اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے کے ساتھ ساتھ صاف ستھرا اور سرسبز رکھنا ہے۔
DATE . JUN/12/2025