وفاقی دارالحکومت میں کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایک نئی لہر پیدا کر دی

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے اور شہریوں نے سی جی آئی کی طرف سے پارکوں کی صفائی کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت کا بہترین نمونہ قرار دیاہے۔ چیئرمین احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کی ٹیم نے اپنی آگاہی مہم کے اگلے مرحلے میں سیکٹر ایف ایٹ ون،ٹو،تھری اور فور میں نہ صرف پارکوں کو مکمل صاف کیا بلکہ شہریوں کے دلوں میں صفائی کی اہمیت اور اپنے ماحول کی حفاظت کا عزم پیدا کیا۔ احسن ظفر بختاوری نے خود اپنی گاڑی میں کچرے سے بھرے ویسٹ بیگز لوڈ کر کے تلف کرنے کے مقام تک پہنچایا، جس سے انہوں نے اپنے عزم اور عملی شرکت کا مظاہرہ کیا۔ ان کی اس کاوش کو شرکاء نے سراہا۔

گزشتہ روز ہونیوالی ویسٹ پکنگ ایکٹویٹی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول طلبہ، مقامی افراد اور رضاکار تنظیموں نے بھرپور حصہ لیا۔ شرکاء نے پارکوں سے ویسٹ پکنگ، درختوں کے گرد صفائی اور پمفلٹس تقسیم کرکے عوام میں آگاہی پیدا کی، شہریوں کو بائیو ڈی گریڈ ایبل ویسٹ بیگز کے استعمال اور کوڑا کرکٹ کی مناسب تلفی کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں۔ احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہماری نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے، کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کا مقصد نہ صرف صفائی کرنا ہے بلکہ ہر شہری کو اس تحریک کا حصہ بنانا ہے تاکہ اسلام آباد کو ایک ماڈل شہر بنایا جا سکے۔

– Advertisement –

 

مہم کے شرکاء نے کہا کہ احسن بختاوری اور ان کی ٹیم کی یہ کوشش قابل ستائش ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ آئندہ بھی اس قسم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور اپنے علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے،کلین اینڈ اسلام آباد موومنٹ دارالحکومت کے شہریوں کے لیے ایک عملی نمونہ ہے کہ اگر ہر شہری اپنی ذمہ داری نبھائے تو ایک صاف اور صحت مند ماحول کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے۔

DATE . DEC /9 /2024

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top