
اسلام آباد:وفاقی وزیر ِخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے ملاقات کی ہے،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اقتصادی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے تنظیم کے 10 رکن ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا،ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزیر خزانہ کو اقتصادی تعاون تنظیم کے کردار اور اس کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں تجارتی راہداریوں اور اُبھرتی ہوئی منڈیوں کے تناظر میں علاقائی تجارت اور روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا،دونوں رہنماؤں نے رکن ممالک کے مابین تعاون، علاقائی تجارت اور روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
سیکرٹری جنرل نے تنظیم کو مزید مضبوط اور متحرک بنانے اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے اور رکن ممالک کے درمیان تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنی کاوشوں کا ذکر کیا،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے علاقائی تجارت اور روابط کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔
ملاقات میں تنظیم کے مختلف فورمز اور سرگرمیوں میں وزارت خزانہ کی نمائندگی کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا
DATE . Apr/8/2025