
اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں مہنگائی کی صورتحال، قیمتوں کے استحکام اور آئندہ مہینوں کے لیے حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ رمضان سے قبل زیادہ طلب والی اشیاء کی بروقت نشاندہی کی جائے اور ان کی سپلائی کے حوالے سے جامع پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو آئندہ اجلاس میں ضروری اشیاء کا سپلائی پلان پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ مہنگائی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اکتوبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد تھی جو اکتوبر 2025 میں کم ہو کر 6.2 فیصد رہ گئی۔ انہوں نے اس رجحان کو حکومتی اقدامات کا مثبت نتیجہ قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے زرعی پیداوار اور رسد کے نظام میں بہتری کے لیے کولڈ چین نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ذخیرہ اندوزی روکی جا سکے گی اور رسد و طلب کا توازن برقرار رکھا جا سکے گا۔احسن اقبال نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو بھی مارکیٹ مانیٹرنگ تیز کرنے اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
DATE . Nov/19/2025


