اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل، جناب محمد معین وٹو نے آج جمہوریہ ترکی کے سفیر، محترم عرفان نیزیروغلو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور آبی وسائل کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔محترم سفیر نے حکومتِ ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف وزارتوں اور اداروں کے ساتھ مشاورتی اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے آبی مسائل پر روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرِ آبی وسائل، جناب معین وٹو نے ترک سفیر کے خیالات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات گہرے تاریخی اور برادرانہ رشتے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بالخصوص آبی وسائل کی ترقی میں باہمی تعاون کی وسیع گنجائش کو اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران 13 فروری 2025 کو دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) کو آبی شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔ سفیر نے اس MoU پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس تعاون کو صدقہ جاریہ کی حیثیت سے تعبیر کیا، جو دونوں ممالک کی مشترکہ اقدار اور باہمی عزم کی علامت ہے۔عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے دونوں فریقین نے فوکل پرسن کی باضابطہ تقرری اور مشترکہ کوششوں کے فروغ کے لیے ایک ویڈیو کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، سفیر نے پاکستانی افسران کو ترکی میں تربیتی پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی اور ویزا سہولیات کے باہمی فروغ کا خیرمقدم کیا۔جوابی جذبے کے طور پر، وزیرِ آبی وسائل نے ترکی کے وفود، بالخصوص آبی وسائل کے ماہرین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ مزید روابط اور علم کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے.
Date . Apr/24/2025