
اسلام آباد: وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے پاکستان ٹرانسپورٹ الائنس کے تین رکنی وفد نے ملک شہزاد اعوان کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی پورٹ پر ٹرک پارکنگ کے دیرینہ مسائل، ٹریفک دباؤ اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران ٹرانسپورٹرز کے وفد نے کراچی پورٹ کے اطراف ٹرکوں کی طویل قطاروں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر وزیر بحری امور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ پر ٹرک پارکنگ کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ کے قریب مناسب اراضی کی فراہمی سے کراچی میں ٹرک پارکنگ کا بحران حل ہوگا اور ٹرکوں کی لمبی قطاروں کے خاتمے سے شہریوں کی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کراچی پورٹ پر ٹریفک دباؤ کم کرنے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔
جنید انوار چوہدری نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ ٹرک پارکنگ منصوبے پر اپنے وعدے پورے کریں تاکہ اس منصوبے کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران پاکستان ٹرانسپورٹ الائنس کے وفد نے ٹرک پارکنگ کے مسئلے کے حل کیلئے وفاقی وزیر بحری امور کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
DATE . Jan/13/2026


