
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے گزشتہ 48 گھنٹوں میں دوسری اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی سرحدوں پر پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کو موجودہ کشیدگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی ڈرون دہشت گردی کے بارے میں امریکی سفیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے واضح طور پر کہا کہ بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے درجنوں ڈرونز کو مار گرایا ہے اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔
وزیر داخلہ نے خطے کی خطرناک صورتحال کا تمام تر ذمہ دار بھارت کو ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے باعث پورا خطہ جنگ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، جس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کسی بھی صورت میں آنچ نہیں آنے دے گا اور ملکی دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
اس اہم ملاقات کے موقع پر امریکہ کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
DATE . May/9/2025