
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مراکش کا سرکاری دورہ کیا جس کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ یادداشت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر دفاع نے مراکش کی نیشنل ڈیفنس ایڈمنسٹریشن کے سربراہ اور حکومت کے مندوب جناب عبداللطیف لودی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کی قیادت بھی کی۔
وفاقی وزیر دفاع نے مملکت مراکش کے امور خارجہ اور افریقی تعاون کے وزیر ناصر بوریتا سے بھی ملاقات کی، جبکہ مراکش میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ملاقاتوں کے اختتام پر فریقین نے تحائف کا تبادلہ کیا، جس میں وفاقی وزیر دفاع نے مراکشی وزیر دفاع کو پاکستانی فٹ بال کا تحفہ پیش کیا۔
ملاقاتوں سے قبل وفاقی وزیر دفاع نے مراکش کے سابق بادشاہ محمد پنجم کے مزار پر حاضری دی، جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار پر موجود مہمانوں کی کتاب پر دستخط کیے۔
ان تمام مصروفیات نے دونوں ممالک کو امن، استحکام اور تعاون کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔
وفاقی وزیر دفاع کا یہ دورہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دفاع، سلامتی اور مشترکہ مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے کی باہمی خواہش کا مظہر ہے۔
DATE . Jan/14/2026


