
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے اسلام آباد میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔جس میں پاک امریکہ زرعی تعاون کے فروغ اور زرعی تجارت میں اضافے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے غذائی تحفظ، تحقیق اور زرعی جدت سے متعلق جاری مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لیا۔ رانا تنویر حسین نے پاکستان کی زرعی تحقیق، استعداد کار میں اضافے اور ٹیکنالوجی منتقلی میں امریکی تعاون کو سراہا۔
وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کا ڈیری اور لائیوسٹاک سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اس میں امریکہ کا بھرپور تعاون شامل ہے۔ حکومت جانوروں کی صحت کے لیے ایف ایم ڈی فری زونز اور جدید ٹریس ایبیلٹی نظام کے قیام پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ زراعت نے پاکستان میں دودھ اور گوشت کی پیداوار کے لیے جینیاتی بہتری کے پروگراموں میں تعاون کی دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے ہائبرڈ بیجوں کی تیاری، ویکسین کی مقامی پیداوار اور پریسیژن ایگریکلچر جیسے جدید شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہاکہ پاکستان امریکہ کے اشتراک سے ایک پائیدار، جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی شعبہ تشکیل دے گا۔
DATE . Oct/16/2025


