
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے مصر کے سفیر نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیاحت، کھیلوں اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، مصر کے ساتھ سیاحتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کو عملی شکل دی جائے گی۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان، مصر کے ساتھ اسپورٹس ایکسچینج پروگرامز پر کام کرے گا تاکہ نوجوانوں کے درمیان رابطے بڑھیں اور دونوں اقوام کے درمیان تعلقات کو عوامی سطح پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ برادرانہ تعلقات کا فائدہ دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی میں ظاہر ہو۔
DATE . Apr/16/2025