
راولپنڈی:وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سفیر محترمہ اینا لیپل نے آج راولپنڈی میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے اپنے دفتر میں معزز مہمان کا استقبال کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعمیری روابط پر مبنی ہیں۔ رضا حیات ہراج نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے معززسفیر کو آئیڈیاز 2026 کے لیے دعوت بھی دی جو نومبر/دسمبر 2026 میں کراچی میں منعقد ہوگی۔
محترمہ اینا لیپل نے کہا کہ پاکستان میں بطور سفیر یہ ان کا تیسرا دور ہے۔ انہوں نے 2006 سے 2009 اور بعد میں 2015 سے 2017 تک خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ”وہ اپنے کیرئیر میں تیسری بار پاکستان میں خدمات انجام دے کر بہت خوش ہیں ”۔
DATE . Oct/14/2025


