
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کلب کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران کلب کے ایڈمنسٹریٹر اور پاکستان ریلویز کے ایڈیشنل جنرل مینیجر عامر نثار چوہدری نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رائل پام کلب کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے بین الاقوامی اور قومی سطح پر اشتہارات شائع کیے جا چکے ہیں تاکہ اچھی شہرت کی حامل کمپنیاں بڈنگ کے عمل میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ بڈز کا عمل 13 مئی کو مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے آؤٹ سورسنگ کے عمل کے دوران تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت دی اور اس بات پر زور دیا کہ ریلویز کے مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
انہوں نے رائل پام کلب کا مختصر دورہ بھی کیا اور وہاں کے انتظامات کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت دی کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد آؤٹ سورسنگ کا عمل مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں چیئرمین ریلوے مظہر علی شاہ، سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ اور کلب کے مینیجرز بھی شریک تھے
DATE . Apr/11/2025