
تاشقند: وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے چوتھےانٹرنیشنل لیگل فورم “تاشقند لاء سپرنگ” میں شرکت کی۔وزیر نے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی قانونی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔
پاکستان نے ازبکستان میں منعقدہ چوتھے انٹرنیشنل لیگل فورم “تاشقند لاء سپرنگ” میں شرکت کی ۔ 29 مئی 2025 سے شروع ہو نے والے عالمی اجتماع میں1,500 سے زائد شرکاء تھے ، جن میں وزرائے انصاف، سینئر ججز، قانونی ماہرین اور دنیا بھر سے بین الاقوامی ماہرین شامل تھے۔
پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کررہے تھے اور اس وفدمیں وزارت قانون و انصاف کے کنسلٹنٹ بیرسٹر سید شہروز بختیار بھی شامل تھے۔ اس سال کے فورم، کا مرکزی عنوان “ڈیجیٹل ایج: مستقبل میں ایک قانونی نظر،” تھا ۔اس فورم نے قانون اور ٹیکنالوجی کے سنگھم پر جدیداور متنوع مسائل پر غور و خوض کیا جن
میں ثالثی میں مصنوعی ذہانت (اے آ ئی) کا استعمال سے لے کر بلاک چین، ڈیجیٹل گورننس، اور قانونی ٹیک ٹرانسفارمیشن تک شامل تھے ۔
وزیر قانون و انصاف نے مکمل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی قانونی اصلاحات پر روشنی ڈالی اور حقوق پر مبنی جدت طرازی اور بین الاقوامی قانونی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیر قانون نے قطر، متحدہ عرب امارات، آذربائیجان، ازبکستان اور ترکی کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں عدالتی جدید کاری، ڈیجیٹل قانونی خدمات اور علاقائی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان کے وزیر قانون و انصاف اور ازبکستان کے وزیر انصاف کے درمیان مستقبل میں تعاون کو باضابطہ ٹھوس شکل دینے اور دونوں وزارتوں کے درمیان مشترکہ ورکنگ پروگرام شروع کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
“تاشقند لاء سپرنگ” تیزی سے اعلیٰ بین الاقوامی پلیٹ فارم کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے جو ڈیجیٹل دور میں قانون پر عالمی گفت و شنید یا مکالمے کی تشکیل کرتا ہے اور پاکستان کی موجودگی نے اس مکالمے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو واضح کیا-
DATE . JUN/2/2025