
شنگھائی:وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے شنگھائی میں جاری ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس کے موقع پر چینی ڈیجیٹل نیٹ ورک ادارے “پیس کیبل انٹرنیشنل” کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور خطے کے درمیان ڈیجیٹل رابطوں کو مستحکم بنانے، سب میرین اور زمینی فائبر کیبل نیٹ ورکس کو فروغ دینے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیس کیبل کے وفد کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر سن شیاوہوا کر رہے تھے، جب کہ سیلز ڈائریکٹر ژوانگ وی المعروف “لکس” بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وفد نے اپنے ادارے کے وسیع پورٹ فولیو پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پیس کیبل نہ صرف فائبر نیٹ ورکس بلکہ توانائی کے جدید حل بھی فراہم کرتا ہے، اور ادارے کی سالانہ آمدن تقریباً 24 ارب امریکی ڈالر ہے۔
وفاقی وزیر نے وفد کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” سے آگاہ کیا اور بتایا کہ قومی فائبرائزیشن پالیسی اس وژن کا مرکزی جز ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ تین برسوں میں ایک کروڑ گھروں کو فائبر براڈبینڈ سے منسلک کیا جائے، جبکہ ملک بھر کے موبائل ٹاورز کی فائبرائزیشن کی شرح کو 14 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد تک لے جایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ رائٹ آف وے کے اخراجات میں کمی کے لیے بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ نجی شعبہ مزید متحرک ہو۔
وفاقی وزیر نے پیس کیبل کو پاکستان میں FTTH نیٹ ورک کے قیام، ODN مارکیٹ میں داخلے اور زمینی فائبر نیٹ ورک کی توسیع جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پاکستان نجی و سرکاری سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان کو ایک ڈیجیٹل معیشت میں تبدیل کیا جا سکے۔
DATE . July/26/2025