
استنبول: وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے استنبول میں اہم ملاقاتیں کیں اور ترکیہ کی بڑی کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو کی۔ وفاقی وزیر نے اچ ہولڈنگ کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت ٹرانسپورٹیشن اینڈ انفراسٹرکچر گروپ کے سی ای او سیرہات سوئوکپنار کر رہے تھے۔
ملاقات میں عبدالعلیم خان نے وفد کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی معیار کی معروف انفراسٹرکچر کمپنیوں کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہشمند ہے۔ اچ ہولڈنگ نے پاکستان میں انفراسٹرکچر منصوبوں میں تعاون کے امکانات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے قریبی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان و ترکیہ کے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر مواصلات نے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے صدر ڈاکٹر محمد ہاشم بت شکن سے بھی ملاقات کی۔ ڈاکٹر ہاشم بت شکن نے بینک کے آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی اور پاکستان میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ عبدالعلیم خان نے بینک کے وفد کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
DATE . Nov/29/2025


