وفاقی کابینہ کا اجلاس: پی آئی اے نجکاری، قانون سازی اور اہم پالیسی فیصلوں کی منظوری

News Image

اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملکی ترقی، خوشحالی اور سیاسی ہم آہنگی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ پرامن ڈائیلاگ کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی جا چکی ہے تاہم سیاسی ڈائیلاگ کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی شفاف، مستند اور قابلِ اعتبار نجکاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے انڈر 19 کرکٹ چیمپین شپ جیتنے پر پوری قوم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف گرڈ پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025 کی توسیع کی منظوری دے دی، جس کے تحت تیسرے فریق کی جانب سے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت بھی شامل ہو گی۔ کابینہ نے پبلک ٹینڈرنگ اور پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002 میں ترامیم کی اصولی منظوری بھی دے دی۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025 کے بل کی تنسیخ کی منظوری دی جبکہ قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز بلز اور دیگر قانون سازی کے لیے مؤثر مشاورت کے مقصد سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی 2025 کی منظوری دی گئی جس کا مقصد ملک میں فارماسوٹیکل اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں نباتاتی پودوں کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری بھی دے دی، جس کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے ایک شفاف اور محفوظ نظام کے تحت ویزا کے حصول کو آسان بنانا ہے۔ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 20 اکتوبر، 5 نومبر اور 21 نومبر 2025 کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 18 دسمبر 2025 کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔

DATE . Dec/24/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top