
اسلام آباد:ویمنز پارلیمانی کاکس کی سالانہ رپورٹ 2024-25 کا اجراء کر دیا گیا۔قومی اسمبلی کی ویمنز پارلیمانی کاکس نے کنوینئر سیدہ شاہدہ رحمانی کی قیادت میں سالانہ رپورٹ جاری کر دی۔
اجراکی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی، جس میں اراکینِ قومی اسمبلی، سینیٹرز، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ شاہدہ رحمانی نے کہا کہ ویمنز پارلیمانی کاکس نے صنفی حساس قانون سازی، پارلیمانی نگرانی اور خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین سے متعلق قانون سازی کو پارلیمانی ایجنڈے کا مرکزی حصہ بنایا جائے گا۔
رپورٹ میں خواتین کی قومی کنونشن 2025، صنفی بجٹ سازی سے متعلق کانفرنسز، صنفی تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم، اور صوبائی و قانون ساز اسمبلیوں میں ویمنز پارلیمانی کاکس کے قیام کو اہم کامیابیاں قرار دیا گیا۔ شرکاء نے خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
DATE . Jan/21/2026


